نئی دہلی،21؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے کمر کستے ہوئے بی جے پی 26مئی سے ملک بھر میں بوتھ سطح اور طاقت کے مراکزتک وسیع مہم شروع کرنے جا رہی ہے۔بی جے پی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے چار سال پورے ہونے کے موقع پر بی جے پی 26 مئی سے 11 جون 2018 تک مہم کا پہلا مرحلہ چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی ’بلدیدان دیوس‘ 23جون سے ان کی جینتی 6 جولائی تک پارٹی کی جانب سے تنظیم کے تمام سطحوں پر مہم کا دوسرا مرحلہ چلایا جائے گا۔پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں سے بوتھ سطح پر موجودہ طاقت مرکز تک کے تمام تنظیموں سے لوگوں کے درمیان اپنی موجودگی اور شرکت کو یقینی بنانے کو کہاگیا ہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کارکنوں کو گھر گھر جا کر حکومت کی اسکیموں کے بارے میں بتانا ہے اور پارٹی کے نمبر پر مسڈ کال کروانا ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ کارکن کتنے گھر گئے ہی کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ممکن ہوتو واٹس ایپ لوکیشن بھی مرکزی عہدیداروں کے ساتھ اشتراک کریں۔بی جے پی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو نمو ایپ سے جوڑنا چاہتی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں کہا تھا کہ جو بوتھ جیتے گا، وہی الیکشن جیتے گا۔ایسے میں پارٹی کارکنوں کو بوتھ سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانا چاہیے۔پارٹی کے ایک اور رہنما نے کہا کہ بی جے پی کی پوری کوشش ہے کہ مفاد عامہ کی ہر اسکیموں کا فائدہ ضرورت مندوں تک پہنچے اور کوئی ضرورت منداس فائدہ سے محروم نہ رہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ مخالف پارٹی بی جے پی کے خلاف دلتوں، اقلیتوں، کسانوں اور خواتین کے معاملے پر پروپیگنڈے کر رہے ہیں۔اس پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کیا جائے اور عوام کے سامنے حکومت کے کام کاج اور حقائق کو رکھا جائے۔حال ہی میں پارٹی نے خواتین مورچہ، اقلیتی مورچہ، ایس سی مورچہ، ایس ٹی مورچہ،یوا مورچہ، کسان فرنٹ اور او بی سی مورچہ کی قومی مجلس عاملہ کے ارکان کا اجلاس منعقد کیاتھا۔اس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور قومی صدر امت شاہ شامل ہوئے تھے۔مودی حکومت کے چار سال اسی مہینے پورے ہونے جا رہے ہیں۔اس موقع کے لئے بی جے پی نے ’48سال بمقابلہ 48 ماہ‘کا نعرہ دیا ہے اور پارٹی رہنماؤں سے اپنے کام کاج کو عوام کے سامنے رکھنے کو کہا ہے۔